خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں افسروں کی 99 فیصد پروموشنز درست ہوئیں: ثنا اللہ

لاہور:(اے پی پی) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں آؤٹ آف ٹرن پروموشن کا معاملہ الگ تھا ، سپریم کورٹ نے آؤٹ آف ٹرن پروموشن کو غیر آئینی قرار دیا جس سے سارے صوبے متاثر ہوئے ، کہتے ہیں پنجاب میں 99 فیصد افسران کی پروموشن درست ہوئیں ، او ایس ڈی بنائے جانے والے افسران آج بادشاہی مسجد میں ہونے والے اجلاس میں نیا لائحہ عمل اپنائیں گے ۔ پولیس افسران کی آؤٹ آف ٹرن پروموشنز کا معاملہ ایوان میں گرم رہا ۔ شیخ علاؤ الدین نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں ، پارلیمنٹ کردار ادا کرے اور اس معاملے کے حل کے لیے قانون سازی ہونی چاہیئے ، وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں آؤٹ آف ٹرن پروموشن کا معاملہ الگ تھا جہاں فوڈ انسپکٹر کو پولیس افسر بنا دیا جاتا تھا ، جبکہ پنجاب میں 99 فیصد افسران کی پروموشن درست ہوئی ہے ۔ آؤٹ آف ٹرن پروموشن کیس میں تقریباً 9 سے 10 ہزار افراد اور ان کے خاندان متاثر ہوئے جنہیں ان کے حق سے محروم کرنا ٹھیک نہ ہو گا ، مگراس میں بہت سی پیچیدگیاں ہیں جن کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ دوسری جانب او ایس ڈی بنائے جانے والے افسران آج بادشاہی مسجد میں ہونے والے اجلاس میں نیا لائحہ عمل اپنائیں گے ۔