خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں امن کی صورتحال بہتر ہے: وزیرقانون

سرگودھا : (اے پی پی )عاشورہ کے جلوسوں سے قبل انتظامیہ امن کمیٹی کے ہمراہ روٹس پر امن مارچ منعقد کرے ۔ علمائے کرام ‘ انتظامیہ ‘پولیس او رسیکورٹی اداروں کے بھر پور تعاون سے پنجاب میں امن وامان کی صورتحال دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر ہے ۔ دہشتگری کا کوئی واقعہ اس وقت تک رونما نہیں ہو سکتا جب تک مقامی سہولت کاروں کی طرف سے دہشتگردوں کوتعاون حاصل نہ ہو۔ حکومت نے ایسے اقدامات کی حوصلہ شکنی کیلئے فول پروف انتظامات کررکھے ہیں۔ ان خیالات کا ااظہاروزیر قانون وپارلیمانی افےئر رانا ثنا ء اللہ نے پیرکے روز سرکٹ ہاوس سرگودہامیں کیبنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے ڈویژنل انتظامیہ پر زور دیاکہ وہ امن کمیٹیوں کے ممبران فورتھ شیڈول اور ایسے علماء کرام جن کے داخلے پر پابندی ہے پر از خود نظرثانی کرکے دوبارہ ریکارڈ مرتب کریں۔انہوں نے انتظامی افسران پر محرم کے جلوسوں کی پابندی کویقینی بنانے ‘لاؤڈسپیکر ایکٹ پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد کروانے نیز تمام جلوسوں او رمجالس کی ویڈیو ریکارڈنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر ہوم سیکرٹری پنجاب میجر (ر) سلیمان اعظم نے کہاکہ جلوس او رمجالس کے مقامات کی مکمل سویپنگ کی جائے اور عشرہ محرم کے پر امن انعقاد کیلئے لوکل باڈیز کے نمائندوں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں ۔ انہوں نے جلوس اور مجالس کے داخلی اور خارجی ایک یادو راستے بنانے او راصل لائسنس ہولڈرز کے علاوہ کسی نئے جلوس یا مجالس کے انعقادکو روکنے کی بھی ضرورت پر زور دیا اور جلوس و مجالس کیلئے ٹریفک پلان بنانے ‘ اخبارات میں تشہیر کرنے او ربجلی کے متبادل نظام کو بھی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب مشتاق احمدسکھیرا نے کہاکہ ملک میں مذہبی ہم آہنگی او راتحاد ویگانگت کافروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔اجلاس میں کمشنر ندیم محبوب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ عشورہ محرم کے دوران سرگودہا ڈویژن میں 781جلوس نکالے اور 3245 مجالس منعقد ہو نگی، 116جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی ۔ اسی طرح 781 مجالس کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی ۔ ڈویژن بھر میں محرم کے جلوسوں کیلئے آرمی کی9 کمپنیوں کے علاوہ رینجر کی ایک کمپنی کو طلب کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔ کمشنر نے بتایا کہ سول ڈیفنس کے رضاکاروں کے علاوہ مختلف محکموں کے 4035 ملازمین بھی محرم الحرام کی مجالس او رجلوسوں کیلئے اپنے فرائض ادا کریں گے ۔آ ر پی او ذوالفقار حمید نے کیبنٹ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ڈویژن بھر میں9747 پولیس افسران واہلکاران کے علاوہ 2590 رضاکار محرم الحرام کے دوران اپنے فرا ئض انجام دیں گے ۔197 علماء کی ڈویژن میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔170افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیاگیاہے ۔ تھانہ کی سطح پر امن کمیٹیوں کے علاوہ تحصیل‘ضلع اور ڈویژن کی سطح پر بھی مسلسل اجلاس منعقد کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے حوالہ سے تمام تر انتظامات کومکمل کرلیاگیاہے۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار، ایم این اے چوہدری حامد حمید ‘ شاکر بشیر اعوان ‘ ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی سینیٹرغوث محمد نیازی ‘ ایم پی ایز عبدالرزاق ڈھلوں ‘ مہر دستگیر لک ‘ منور غوث ‘ میاں مناظر علی رانجھا ‘ بہادر عباس میکن اور صوبائی وزیر ملک آصف بھا کے علاوہ چاروں اضلاع کے ڈی سی او ز‘ ڈی پی او ز نے شرکت کی ۔