خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں اگلے ماہ سیلاب کا خطرہ،وارننگ جاری

لاہور(آئی این پی)پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پندرہ ستمبر تک سیلاب کی پیشن گوئی کر دی جس کے بعد مختلف اضلاع نے امدادی کاموں کے لئے مزید بجٹ مانگ لیا ہے۔پنجاب ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ پندرہ ستمبر تک صوبے میں بارشوں کی وجہ سے سیلاب آنے کا خدشہ ہے جس پرمختلف اضلاع نے امدادی کاموں کے لئے مزید بجٹ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری طرف واپڈا کی طرف سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق تربیلاڈیم میں پانی کی آمدایک لاکھ اکیاسی ہزار دو سو جبکہ اخراج ایک لاکھ باون ہزار چار سو کیوسک رہا۔منگلاڈیم میں پانی کی آمد اور اخراج چھبیس ہزار چھ سو، دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پرآمد ساٹھ ہزار دو سو اور اخراج ستائیس ہزار چھ سو، جناح بیراج پر آمد ایک لاکھ چھیاسی ہزار ایک سو اور اخراج ایک لاکھ اناسی ہزار دوسو، تونسہ بیراج پرآمدایک لاکھ پچھتر ہزار آٹھ سو اور اخراج ایک لاکھ ترپن ہزار سات سو کیوسک رہا۔کوٹری پر پانی کی آمد ایک لاکھ ایک ہزار چھ سو اور اخراج اڑسٹھ ہزار دو سو کیوسک رہی۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار پانچ سو چالیس فٹ،منگلا ڈیم میں ایک ہزار دو سوبیالیس اور چشمہ میں چھ سو اڑتالیس اعشاریہ دس فٹ ریکارڈ کی گئی۔