خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں کوفوری اختیارات اورفنڈزدینےکامطالبہ: سرور

لاہور(آئی این پی) سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں کو فوری اختیارات اور فنڈز دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات پر ’’سانپ ‘‘بن کر بیٹھی ہے‘(ن) لیگ صوبے میں ون مین شو کی بجائے عوامی نمائندوں کو انکے اختیارات اور حق دیں ‘ ضلع ‘تحصیل اور ٹاؤنز کی سطح پر عہدیداروں کے انتخاب کیلئے فوری انتخابات کر وائے جائے‘آئندہ عام انتخابات سے پہلے مر دم شمار ی کا ہو نا بہت ضروری ہے اس میں کسی قسم کی تاخیر اور رکاوٹ عوام دشمنی پرمبنی ہوگی۔ جمعہ کوگفتگو کرتے ہوئے سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کو ہوئے6ماہ ہو چکے ہیں مگر اسکے باوجود پنجاب حکومت بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات پر ’’سانپ ‘‘بن کر بیٹھی ہے جو عوام کے منتخب نمائندوں کے ساتھ ظلم اور ناانصافی کیساتھ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت ون مین شو کے تحت ہی معاملات چلانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے بلدیاتی انتخابات میں اپنی مر ضی کے بلدیاتی نمائندے منتخب کیے ہیں انکا تعلق کسی بھی جماعت سے ہے انکو اب مکمل اختیار ات ملنے چاہیے تاکہ وہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات سے پہلے مر دم شماری بھی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے کیونکہ اسکے ذریعے ہی پتہ چل سکے گا کہ ملک کے عوام کی تعداد کتنی ہے اور کس ضلع کو کتنے فنڈز کی ضرورت ہے اس لیے مردم شماری کروانے میں مزید کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔