خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں تنزلی کےشکارپولیس افسروں کوترقی دینےکا فیصلہ

لاہور: (آئی این پی) پنجاب بھر میں عدالتی حکم پر تنزلی کا شکار ہونے والے پولیس اہلکاروں اور افسران کو محکمانہ پروموشن بورڈز کے ذریعے ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آج سے صوبے بھر میں اس پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا جائیگا ۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب کی جانب سے تمام آر پی اوز اور سی پی اوز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ آئوٹ آف ٹرن پروموشن کی زد میں آنے والے پولیس اہلکاروں اور افسران کو باقاعدہ محکمانہ ترقی دی جائے اور پروموشن بورڈز کے اجلاس بلا کر پہلے مرحلے میں کانسٹیبل سے لیکر سب انسپکٹر تک کے کیسز نمٹائے جائیں ۔ ذرائع کے مطابق انسپکٹر اور اس سے اوپر رینک کے افسران کا معاملہ بھی اسی ماہ حل کر لیا جائیگا اور ان کی محکمانہ ترقی کے لئے پروموشن بورڈز کے اجلاس ہوں گے ۔ یاد رہے کہ عدالت عظمیٰ کے حکم پر آئوٹ آف ٹرن پروموشن پانے والے 10 ہزار 2 سو سے زائد پولیس افسران اور اہلکاران کی تنزلی کی گئی تھی جن کو اب باقاعدہ محکمانہ ترقی دینے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے ۔