اسلام آباد /لاہور /پشاور(آئی این پی ) پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں دھند نے پھر ڈیرے ڈال لئے۔ چار گھنٹے بند رہنے کے بعد موٹر وے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا، صبح کا استقبال رات بھر ادھر ادھر چھائے دودھیا بادلوں نے کیا۔محکمہ موسمیات نے بدھ اور جمعرات کو خیبرپختو نخواہ، فاٹا، بالائی پنجاب،اسلام آباد،گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشنگوئی کی ۔بدھ / جمعرات کے روز گندم کی کاشت کے بارانی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں برفباری کی پیشنگوئی کی گئی ۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور ڈویژن ، بالائی فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔سب سے کم درجہ حرارت ہنزہ ، پاراچنار منفی 04، استور، گوپس،کالام منفی 03،سکردومنفی 02،مری راولاکوٹ، قلات، گلگت، دیرمیں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لاہور اور اس کے ارد گرد ایک بار پھر دھند کا راج رہا جس کی وجہ سے صبح 5 بجے موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔ جی ٹی روڈ ، نیشنل ہائی وے پر بھی شدید دھند رہی ، لاہور سے پنڈی بھٹیاں موٹر وے ایم 2 بند رہا جب کہ پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد ایم 3 موٹر وے بھی بند کرنا پڑا جو دھند کم ہونے پر صبح سوا نو بجے کھول دیا گیا۔ لاہور سے پتوکی اوکاڑہ ، ساہیوال ، خانیوال نیشنل ہائی وے پر شدید دھند ہے اور لاہور سے گوجرانوالہ جی ٹی روڈ بھی شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے ۔ حکام کی جانب سے مسافروں کو سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا اور یہ صورتحال آئندہ 3 روز تک جاری رہے گا۔ کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ زیادہ سے زیادہ 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا جب کہ ہوا میں نمی کاتناسب 87 فیصد رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں۔