خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں دھند کے باعث موٹر وے ٹریفک کیلئے بند، ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق، 4زخمی

لاہور(ملت + آئی این پی) پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار رہا جس کے باعث موٹر وے کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا جب کہ دھند کے باعث ٹریفک حادثے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند کا راج برقرار رہا جب کہ حد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ۔ موٹر وے حکام کا کہنا ہے کہ لاہور سے سیال موڑ تک اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک موٹر وے کو ٹریفک کے لئے بند کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایم 4 گوجرہ سے فیصل آباد تک بھی موٹر وے کو ٹریفک کے لئے بند کیا گیا ۔ لاہور سے شیخوپورہ انٹر چینج تک حد نگاہ 100 سے 150میٹر جب کہ شیخوپورہ سے بھیرہ تک حد نگاہ 150 سے 200 میٹر رہی، ان دونوں مقامات پر دھند ہلکی ہونے کے باعث موٹر وے کو ٹریفک کے لئے کھولا گیا ۔ ساہیوال میں دھند کے باعث جی ٹی روڈ پر چک 18 کے قریب 2 ٹرکوں اور کار میں تصادم سے 2 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ جی ٹی روڈ، مانگا منڈی، پتوکی اور دیگر شہروں میں بھی شدید دھند چھائی رہی۔ ترجمان موٹر وے کا کہنا ہے کہ شہری دھند میں غیر ضروری سفر سے احتیاط کریں اور اگر صفر ضروری ہو تو فوگ لائٹس کا استعمال کریں، ہنگامی صورتحال پر ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔ ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری دوران سفر تیز رفتاری، موبائل فون کا استعمال نہ کریں۔