خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں رینجرزمتحرک‘دہشتگردوں کیخلاف آپریشن،40 گرفتار

ملتان/گیاندری (آئی این پی ) پنجاب میں رینجرز اختیارات ملتے ہی متحرک ہو گئی ، راجن پور کے نواحی علاقے میں چھوٹو گینگ اور دیگر دہشت گرد فراریوں کے خلاف آپریشن کے دوران 40سے زائد فراری گرفتار کر لئے گئے ۔ ہفتہ کو ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہیلی کاپٹر کیذریعے راجن پور کے نو احی علاقے گیاندری ،پٹر کری میں ہیلی کاپٹر کے زریعے شیلنگ کی گئی اور زمینی آپریشن بھی کیا گیا جبکہ پولیٹیکل ایریا گیا نداری میں رینجرز اور سیکیورٹی فورسز کو شرپسندوں کی فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا دوطرفہ شیلنگ اور فائرنگ کا سلسلہ دو گھنٹے تک جاری رہا ۔دہشت گردوں کی جانب سے بھارتی اسلحہ سمیت بھاری اسلحہ استعمال کیا گیا۔ دہشت گردوں کا تعلق بلوچستان کے فراریوں سے بتایا جا رہا ہے ۔اس سلسلے میں دو فراریوں کو سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کیا ہے جبکہ گرفتار ہونے والے 40دہشت گردوں میں سے تقریباً 12دہشت گرد زخمی بھی ہیں۔ یہ کومبنگ آپریشن پنجاب ، بلوچستان کی سرحد کوہ سلیمان کے وسط میں کیاجا رہا ہے ۔ان دہشت گردوں کی نشاند ہی چھوٹو گینگ کے سربراہ جو پولیس کی حراست میں ہے ،نے کی تھی چھوٹو کو کچے کے علاقے میں لاکر آپریشن کیا گیا ۔ ادھر آئی ایس پی آر پہلے ہی گیاندری میں 4دہشتگردو ں کے مارے جانے ،متعدد دہشتگردوں اورفراریوں کے گرفتار کئے جانے کی تصدیق کرچکاہے جبکہ اس دوران بھاری اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کیاگیا ہے۔