خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں سینیٹ کی خالی نشست پر ن لیگ کے خواجہ احمد حسان اور پی ٹی آئی کے ڈاکٹر شہزاد وسیم کے درمیان مقابلہ

لاہور۔(ملت آن لائن) پنجاب میں سینیٹ کی خالی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے خواجہ احمد حسان اور تحریک انصاف کے ڈاکٹر شہزاد وسیم کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔پولنگ کا آغازصبح 9 بجے ہوا جو بلا تعطل سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گا۔ پنجاب اسمبلی سے سینیٹ کی خالی نشست پر صوبائی الیکشن کمشنر پریزائیڈنگ افسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔پنجاب اسمبلی کے ایوان کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا ہے۔سینیٹ کی ایک نشست کے لیے پنجاب اسمبلی کے 358 ارکان ووٹ ڈالیں گے، تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے اتحاد کو 185 ارکان کی حمایت حاصل ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو 162 میں سے 159 ارکان کے ووٹ ملنے کا امکان ہے، پیپلز پارٹی کے 7 ارکان نے بھی (ن) لیگ کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔ یاد رہے کہ سینیٹ کی نشست چوہدری غلام سرور کے گورنر بننے پر خالی ہوئی تھی۔