خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں شدید دھند سے سردی میں اضافہ، فلائٹ آپریشن معطل

اسلام آباد، لاہور(ملت + آئی این پی) پنجاب،سندھ اور خیبر پختونخوا کیکئی علاقوں کو شدید دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا اورپنجاب میں شدید دھند نے سردی میں اضافہ کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سمیت جلال پور بھٹیاں ، سکھیکی ، ننکانہ صاحب ، مرید کے ، فیصل آباد ،گوجرانوالہ ، گجرات ، پاکپتن ،قصور ، پتوکی اور دیگر شہروں میں شدید دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔پنجاب کے علاوہ سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی بھی دھندکی لپیٹ میں ہیں۔دھند کے باعث لاہور ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل ہے اور 16ملکی اور غیر ملکی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ موٹر وے پر بھی شدید دھند ہے جس کے باعث شیخوپورہ لاہو ر سیکشن بھی بند کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ قومی شاہراہ پتوکی سے اوکاڑہ تک شدید دھند ہے اور پندی بھٹیاں سے لاہور اور فیصل آباد تک موٹر وے کو بند کر دیا گیا ہے۔جلال پور بھٹیاں اور سکھیکی میں بھی دھند نے سب کچھ دھند لا کر رکھا ہے اور سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ننکابہ صاحب اور مرید کے میں بھی دھند نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں جبکہ پشاور سے رشکئی تک موٹر وے کو بند کر دیا گیا ہے۔ترجما ن موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر گاڑیوں کی فوگ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔