خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں نجی تعلیمی اداروں کا منگل اور بدھ کو ہڑتال کا اعلان

لاہور(اے پی پی)پنجاب میں نجی تعلیمی اداروں کی دو تنظیموں نے تعلیمی بل کے خلاف منگل اور بدھ کو دو روزہ ہڑتال کا اعلان کر دیا،تیسری تنظیم نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔ پنجاب اسمبلی نےگذشتہ ہفتے نجی تعلیمی اداروں کے حوالے سے ایجوکیشن اتھارٹی بل کی منظوری دی تھی ،پاکستان ایجوکیشن کونسل اور آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے بل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے منگل اور بدھ کے روزاسکول بند کرنے کا اعلان کر دیا ۔ دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر ادیب جاودانی نے ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی بل کے خلاف ہیں،تاہم اسکولز کو بند نہیں کریں گے۔ پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز بل میں نئے اور پرانے نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن اور فیسوں میں سالانہ پانچ فیصد تک اضافے کی اجازت لینا لازم قرار دیا گیا ہے، خلاف ورزی پر 20ہزار سے 40لاکھ روپے تک جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔