لاہور: (ملت+اے پی پی) پنجاب کے مختلف علاقے دھند میں چھپ گئے ، موٹر وے اور نیشنل ہائی کئی مقامات پر بند رہی ، پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ۔ دوسری طرف ملک بھر میں سردی کا راج ہے ۔ مری میں رات کو ہونیوالی برفباری سے سیاحوں کی موجیں لگ گئیں ۔ کہیں دھند ، کہیں برفباری ، ملک میں ہر طرف سردی کے ڈیرے ہیں ، پنجاب کے میدانی علاقے دھند سے دھندلا گئے ۔ لاہور میں بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔ موٹر وے شیخوپورہ سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کیلئے بند کی گئی ۔ ڈرائیورز کو جی ٹی روڈ اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ۔ نیشنل ہائی وے پر بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا ۔ دوسری طرف ملک بھر میں سردی نے اپنے پنجے مزید گاڑ لئے ہیں ۔ لاہور میں ٹھنڈی ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے جس سے درجہ حرارت چار ڈگری تک پہنچ گیا اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ۔ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ۔ ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی موجیں لگ گئیں ۔ رات کو ہونیوالی برفباری کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد مال روڈ پر جمع ہوگئی اور موسم کا لطف اٹھایا ۔ موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی بارہ ، کالام منفی آٹھ اور کوئٹہ میں منفی چار رہا ۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پہاڑوں پر مزید برفباری کا امکان ہے سیاح تیاری کرلیں ۔