خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں پھر دھند کا راج ، متعدد مقامات پر حد نگاہ صفر

لاہور: (ملت+اے پی پی) پنجاب دھند میں گم ہوگیا ، شہر کے شہر دھند میں دھندلا گئے ، نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پر کئی مقامات پر حد نگاہ صفر ہے ، پروازیں بھی متاثر ہو رہی ہیں ۔ پنجاب میں دھند ہی دھند پھیل گئی ، راستے گم ہوگئے ، سفر کرنا دشوار ہوگیا ۔ دھند نے ایک بار پھر پنجاب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، نیشنل ہائی وے پر لاہور سے پتوکی اور گوجرانوالہ تک حدنگاہ صفر ہے ۔ موٹر وے پر بھی کئی مقامات پر شدید دھند ہے جس پر حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کا مشورہ دیا ہے ۔ ائرپورٹس کی حدود میں بھی دھند کا راج ہے جس کے باعث پروازیں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں ۔ لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں کے اندر بھی دھند کے باعث ٹریفک معمول سے کم ہے اور لوگ محتاط ڈرائیونگ کر رہے ہیں ۔