خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں پہلی بار جرائم پیشہ افراد کا ڈیٹا تیار

لاہور:(اے پی پی) پنجاب پولیس نے پہلی بارجرائم پیشہ افراد کا ڈیٹا مرتب کر لیا۔لاہورکی ایک کروڑکے لگ بھگ آبادی کی پرامن زندگی کو بے سکون کرنےوالے جرائم پیشہ افرادکی تعداد55 ہزار تک پہنچ گئی، صوبے بھر میں جرائم پیشہ افراد سوا دو لاکھ سے بھی زیادہ ہیں ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے مرتب کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق صوبے بھر میں جرائم پیشہ افراد کی تعداد سوا دو لاکھ سے بھی زیادہ ہے جن میں سے ایک لاکھ سے زائد جرائم پیشہ افراد کے فنگر پرنٹس بھی حاصل کرلئے گئے ہیں جبکہ باقی بچ جانےوالوں کے فنگرپرنٹس لینے کا کام جاری ہے۔ ڈیٹامیں جرائم پیشہ افراد کے بالوں اوررنگت تک کابھی ذکرکیا گیا ہے۔پنجاب پولیس نے یہ فیصلہ بھی کیاہے کہ ساڑھے 4 کروڑروپے کی لاگت سے فنگرپرنٹ میچ سسٹم بھی خریداجائے گا جس کے بعد مجرم قانون سے بچ نہیں پائیں گے۔رپورٹ کے مطابق 2016ءکے دوران اب تک صوبے میں2لاکھ ایک ہزار839 مقدمات درج کئے جاچکے ہیں جبکہ 2015ءمیں یہ تعدادایک لاکھ 94 ہزار552 تھی۔