خبرنامہ پنجاب

پنجاب میں ہونیوالی بارش نے موسم کی حدت کو کم کردیا

لاہور:(آئی این پی) کڑی دھوپ اور جھلسا دینے والی لُو کے بعد پنجاب کے بیشتر علاقوں میں ہونے والی بارش نے موسم کے رنگ ڈھنگ ہی بدل ڈالے ، شہری مئی میں بہار کے مزے لوٹنے لگے ۔ سورج کی تپتی کرنوں کے راستے میں بادل حائل ہوگئے ۔ کالی گھٹا چھائی تو ہوائیں بھی ٹھنڈی ہوگئیں ۔ کڑی دھوپ کے بعد موسم کا یہ خوش گوار رنگ سب کو ہی بھاگیا ۔ فیصل آباد کے آسمان پر کالے بادلوں کا راج ہے ۔ رات گئے ہونے والی بارش سے چہرے کھل اٹھے ۔ لاہور میں بھی دو روز سے موسم دلفریب ہے ۔ رات خوب بادل برسے اور اب بھی چھلکنے کو تیار ہیں ۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت کم ہے ۔ کوئٹہ ، دالبندین میں تیرہ ، بارکھان ، ژوب میں سولہ ، قلات پندرہ اور گوادر میں پچیس سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔