لاہور(آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب اسمبلی کی پبلک اکانٹس کمیٹی کو فعال نہ کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو جواب داخل کروانے کا آخری موقع دیدیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کی درخواست پر سماعت کی ۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت جان بوجھ کر پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کوفعال نہیں کر رہی ۔ پنجاب میں کروڑوں روپے کے ٹھیکے غیر قانونی طریقے سے دئیے گئے ہیں اور کسی کا بھی احتساب نہیں ہو رہا ہے ۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ پنجاب اسمبلی کی پبلک اکانٹس کمیٹی کو فعال کرنے کا حکم دیا جائے ۔ دوران سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے جواب دینے کی مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو جواب جمع کروانے کا آخری موقع دے دیا ۔ کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی گئی ۔