خبرنامہ پنجاب

پنجاب پولیس کی کارروائی‘ دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا

لاہور(آئی این پی) کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے ایک کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے تین مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بارودی مواد برآمد کرلیا۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کارروائی بندر روڈ پر کی گئی جس میں کالعدم جماعت سے تعلق رکھنے والے تین ملزموں ادریس، غلام دستگیر اور طاہر یوسف کو گرفتار کیا گیا ہے جن سے بارودی مواد اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق گرفتار ملزمان سرکاری عمارتوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے تاہم انہیں پہلے ہی گرفتار کرکے دہشت گردی کے کسی بھی بڑے واقعے کا پہلے ہی تدارک کرلیا گیا، ملزمان سے تفتیش کاعمل جاری ہے جس کے بعد ان کے دیگر ساتھیوں یا معاونت کرنے والے افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جائیں گے۔دوسری جانب پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ میں سی آئی اے نے خفیہ اطلاع پر ایمن آباد دروازے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیاہے، پولیس کے مطابق برآمد کیا جانے والے علاقہ غیر سے لایا گیا ہے جو تخریب کاری میں استعمال کرنے کے لیے جمع کیا جارہا تھا۔ڈی ایس پی عمران عباس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس کی شناخت انیس کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، کارروائی کے دوران 16 جدید رائفلزم 9 چھوٹے ہتھیار اور 6 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئیں ہیں۔