خبرنامہ پنجاب

پنجاب پھر دھند کی لپیٹ میں ، مختلف شہروں میں حد نگاہ صفر

لاہور: (ملت+اے پی پی) پنجاب کے مختلف شہروں میں آج بھی دھند نے پھر ڈیرے جمائے رکھے ، لاہور ، شیخوپورہ ، پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک موٹر وے بند رہی ، پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند نے پھر سب کچھ دھندلا دیا ۔ ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ، شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم ٹو لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک ، ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد جب کہ ایم 4 گوجرہ سے فیصل آباد تک بند رہی ، نیشنل ہائی وے پر بھی ٹریفک کا برا حال رہا ، پتوکی ، اوکاڑہ ، میاں چنوں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں حد نگاہ صفر رہی جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے اور فوگ لائٹس کا استعمال کرنے کی ہدایت کی ۔ دھند کی وجہ سے لاہور ائرپورٹ پر کئی پروازیں اڑان نہ بھر سکیں ، ملتان اور سیالکوٹ ائیرپورٹس پر بھی یہی صورتحال دیکھنے میں آئی ۔