خبرنامہ پنجاب

پنجاب کارڈیالوجی میں مہنگی ادویات کی فروخت

لاہور:(آئی این پی ) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ادویات کی مہنگے داموں فروخت کی شفاف تحقیقات نہ کرنے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری ہیلتھ کو نوٹس جاری کر دیئے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے فریحہ مجید کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاء نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے فریحہ مجید کی درخواست پر پی آئی سی میں مہنگے داموں ادویات کی فروخت کی تحقیقات کا حکم دیا تھا اور یہ بھی ہدایت کی تھی کہ درخواست گزار کو بھی تحقیقات میں شامل کیا جائے ۔ وکیل نے بتایا کہ متعلقہ حکام نے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا اور نہ ہی تحقیقات شفاف انداز میں آگے بڑھائی جا رہی ہیں جبکہ فریحہ مجید کو بھی تحقیقات میں شامل نہیں کیا گیا ۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر متعلقہ افراد کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر سیکرٹری ہیلتھ کو 24 مئی کیلئے نوٹس جاری کر دیئے‎ ۔