اسلام آباد: (اے پی پی) اسلامی نظریاتی کونسل کے اراکین کی اکثریت نے پنجاب کے تحفظ حقوق نسواں کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کرنے کی رائے دی ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس سربراہ مولانا محمد خان شیرانی کی سربراہی میں ہوا جس میں پنجاب میں پاس ہونے والے تحفظ حقوق نسواں کے نکات کا جائزہ لیا گیا۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے بیشتر اراکین بل منظور کرانے پر اراکین پنجاب اسمبلی پر برس پڑے اور بل کو غیر شرعی اور غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کرنے کی تجویز پیش کردی۔ اسلامی نظریاتی کونسل کے تمام اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تحفظ حقوق نسواں میں شوہر کو گھر سے 2 روز کے لئے باہر نکالنے کی شق غیر اسلامی ہے جب کہ ایک رکن پنجاب علامہ افتخار نقوی نے رائے دی کہ تحفظ قانون نسواں کو مسترد نہ کیا جائے، قانون مسترد کرنے سے محاذ آرائی پیدا ہو گی۔ اراکین کا کہنا تھا کہ منظوری سے پہلے بل کی سفارشات کو اسلامی نظریاتی کونسل میں پیش کیا جانا چاہیئے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا، خواتین کا تحفظ چاہتے ہیں لیکن غیر شرعی اور غیر اسلامی طریقہ کار کسی صورت منظور نہیں۔