خبرنامہ پنجاب

پنجاب کی لوکل گورنمٹ 10 سال بعد فعال

لاہور: (ملت+اے پی پی) پنجاب کی لوکل گورنمنٹ 10 سال بعد فعال ہو گئی۔ شدید نعرے بازی کے دوران مبشر جاوید نے بلدیہ لاہور کے لارڈ مئیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ ان کے ساتھ 9 ڈپٹی مئیرز نے بھی حلف اٹھا لیا۔ دیگر شہروں میں بھی بلدیاتی اداروں کے سربراہ کچھ دیر میں حلف اٹھائیں گے۔ تقریب حلف وفاداری ٹاؤن ہال لاہور میں منعقد ہوئی جس میں کثیر تعداد میں لارڈ میئر اور ڈپٹی مئیرز کے حامیوں نے شرکت کی جبکہ سی سی پی او لاہور ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت اعلیٰ حکام بھی تقریب میں موجود تھے۔ ریٹرننگ آفسر محمود مسعود نے حلف لیا۔ تقریب حلف وفاداری کے بعد پورا ٹاؤن ہال مبارکبادی نعروں سے گونج اٹھا جبکہ مئیر اور لارڈ مئیر اس عزم کا اظہار کرتے رہے کہ وہ لاہور کی تعمیر وترقی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ ٹاؤن ہال کی عوامی رونقیں ایک طویل عرصے کے بعد بحال ہوئی ہیں جس پر کارکنوں کا جوش وخروش دیدنی تھا۔