خبرنامہ پنجاب

پنجاب کے بیشتر شہر شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے ، فلائٹ آپریشن متاثر

ملتان /لاہور (ملت + آئی این پی) پنجاب کے بیشتر شہر شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے ۔ دھند کے باعث نیشنل ہائی وے اور جی ٹی روڈ پر اکثر مقامات پر حد نگاہ صفر ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر رہیجبکہ ملتان اور اس کے گردونواح میں اندرون اور بیرون ملک جانے والی مختلف پروازیں تاخیر شکاررہیں۔ لاہور، ساہیوال، میاں چنوں، ملتان، خانیوال اور بہاولپور میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی ۔ لاہور سمیت پنجاب کے بیشترشہروں میں یخ بستہ ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ شدید سردی کی لہر سے اسکول جانے والے بچے بری طرح متاثر ہونے لگے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا درجہ حرارت چودہ ڈگری سینٹی گریڈ ہو گیا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں ۔ پنجاب میں دھند کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ ترجمان موٹر وے کا کہنا ہے کہ شہری غیرضروری سفر سے گریز کریں اور دوران ڈرائیونگ فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 130پر کال کریں۔ دوسری جانب ملتان میں حد نگاہ میں کمی کی کے باعث ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہوا جس میں قومی ایئر لائن کی صبح 5بجے مدینہ سے ملتان آنے والی پرواز پی کے 716تاخیر کا شکار رہی۔