خبرنامہ پنجاب

پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ، موسم سہانا ہوگیا

لاہور (آئی این پی) پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم سہانا ہوگیا ، لاہور میں کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں ، بوندا باندی سے ماحول خوشگوار ہوگیا ، آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے حبس کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر رحمت برس گیا جس سے موسم حسین ہوگیا ۔ لاہور مختلف علاقوں میں بادلوں کے ڈیرے ہیں ، ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں ، وقفے وقفے سے بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہر کا موسم خوشگوار ہے ۔ فیصل آباد میں بھی بارش کے بعد موسم تبدیل ہوگیا حبس کا زور ٹوٹنے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ۔ کراچی میں بھی مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے ۔ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں ، مختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوئی ۔ موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد ، لاہور ، گوجرانوالہ ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے ۔