خبرنامہ پنجاب

پنجاب یونیورسٹی، انتظامی پوسٹوں سے اساتذہ کو ہٹانے کا فیصلہ

لاہور: (ملت+اے پی پی)پنجاب یونیورسٹی نے انتظامی پوسٹوں سے اساتذہ کو ہٹانے کا فیصلہ اور انکے متبادل نئی بھرتی کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کے نئے عبوری وائس چانسلر پروفیسر ظفر معین نصر نے سابق وائس چانسلر کی جانب سے انتظامی پوسٹوں پر لگائے جانے والے اساتذہ کو ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ابتدائی مرحلے میں ایڈیشنل رجسٹرار کامران عابد کو انکے عہدہ سے ہٹا کر انہیں شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کے اسسٹنٹ پروفیسر کی سیٹ پر واپس بھیج دیا ہے۔ گزشتہ روز ہنگامی طور پر فیصلہ کرتے ہوئے انتظامی پوسٹوں پر موجود تمام اساتذہ کی لسٹیں تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور مرحلہ وار تمام اساتذہ کو انتظامی پوسٹوں سے ہٹا کر نئے انتظامی ڈھانچے کی بھرتی بھی اسی ترتیب سے کی جائے گی۔ یہ بھی ممکن ہے کہ وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین بڑی انتظامی سیٹوں پر موجود افراد کا آڈٹ کروائیں کیونکہ وائس چانسلر کو انتظامی پوسٹوں پر موجود افراد کے خلاف ثبوت مہیا کرتے ہوئے تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے مگر وائس چانسلر ایک ہی وقت میں تمام پنڈورا باکس نہیں کھول رہے اسلئے انتظامی پوسٹوں پر موجود اساتذہ میں تشویش کی لہر دوڑگئی ہے۔ وائس چانسلر کے اس اقدام کے خلاف اساتذہ سخت رد عمل کا اظہار بھی کرسکتے ہیں اور کچھ افراد نے اس سلسلہ میں تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ترجمان پنجاب یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ انتظامی پوسٹوں پر اساتذہ کو رکھنے کے باعث طلبہ کی پڑھائی کا حرج ہوتا ہے اسی لئے انتظامی عہدوں سے انہیں ہٹایا جارہا ہے ۔