لاہور:(ملت آن لائن) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے پنجاب یونیورسٹی میں طلبا تنظیم کے کارکنوں کی جانب سے اہلیہ کے سامنے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعے کا نوٹس لے کر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد سے رپورٹ طلب کرلی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پنجاب یونیورسٹی میں طلبا تنظیم کے کارکنوں نے ایک طالبہ سے مراسم رکھنے کا الزام لگا کر ایک نوجوان پر تشدد کیا تھا، جبکہ جس لڑکی سے مراسم کا الزام لگایا گیا وہ نوجوان کی اہلیہ تھی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی واقعے کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکی چیختی رہی کہ ‘یہ میرا شوہر ہے’، مگر کسی نے اس کی بات نہ سنی اور نوجوان پر تشدد جاری رکھا۔
تشدد کا نشانہ بننے والے نوجوان کی شناخت اویس رند کے نام سے ہوئی ہے، جس کی اہلیہ پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ تاریخ میں ایم فل کی طالبہ ہے۔