خبرنامہ پنجاب

پنجاب یونیورسٹی: نغموں کی آواز کم نہ کر نے پر مخالف طلبہ تنظیم کا حملہ

لاہور (ملت + آئی این پی) پنجاب یونیورسٹی میں پشتون کلچرڈے کے حوالے سے لگائے جانیوالے کیمپ پر نغموں کی آواز کم نہ کر نے پر مخالف طلبہ تنظیم کا حملہ ‘سٹالز کو آگ لگادی ‘طلباء پر بھی شدید تشدد ‘10طلباء زخمی ‘2کی حالت کو ڈاکٹرز نے تشویش ناک قرار دیدیا ‘پولیس کا دونوں گروپوں کو منتشر کر نے کیلئے لاٹھی چار ج اور آنسو گیس کا استعمال جبکہ دونوں گروپ کی لڑائی کی وجہ سے پنجاب یونیورسٹی میدان جنگ بن گئی ‘پولیس نے7طلباء کو گر فتار بھی کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز پنجاب یونیورسٹی میں پشتون کلچر ڈے کے حوالے سے تقریب کا انعقاد جاری تھا جس میں پشتو ترانوں اور نغموں کو بلند آواز میں چلایا جا رہا تھا جس پر مخالف طلباء گروپ نے آواز کم کرنے کا مطالبہ کیا جس پر دونوں تنظیمیں آمنے سامنے آگئیں ‘ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر شدید پتھرا شروع کر دیا اور اسی دوران مخالف طلباء تنظیم نے پشتون طلبہ کے کیمپ کو بھی آگ لگا دی اور وہاں موجود طلباء کو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ 10طالب علم زخمی ہوئے ہیں واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری پنجاب یونیورسٹی پہنچ گئی جنہوں نے مشتعل طلبا کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال کیا اور دونوں گروپوں کے طلباء کو منتشر کر نے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج بھی کیا ہے ۔