خبرنامہ پنجاب

پنڈی بھٹیاں میں موٹروے پرگاڑیاں ٹکرانے سے 10 افراد جاں بحق،80زخمی

پنڈی بھٹیاں/لاہور (ملت + آئی این پی) پنڈی بھٹیاں میں موٹر وے پر سکھیکی کے قریب دھند کے باعث گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جب کہ 80 افراد زخمی ہوگئے۔پنڈی بھٹیاں میں سکھیکی کے قریب موٹروے پرشدید دھند کے باعث 12 گاڑیاں آپس میں ایک دوسرے سے ٹکراگئیں جس کے نتیجے میں 10افراد جاں بحق جبکہ 80 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو پنڈی بھٹیاں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد میں حامد، صفدر، مختاراورخوشنود کی شناخت ہوچکی ہے جب کہ دیگرکی شناخت کا عمل جاری ہے، جاں بحق افراد کوکا تعلق پشاورسے ہے اوروہ تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے رائیونڈ جارہے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پنڈی بھٹیاں میں ٹریفک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس کیا اورزخمی افراد کوعلاج معالجے کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔