راولپنڈی:(آئی این پی)راولپنڈی میں پولیس کارروائی کے دوران ایک مبینہ پتنگ باز نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ پولیس سے بچنے کی کوشش میں لڑکا چھت سے گرگیا، لوگوں نے مشتعل ہو کراحتجاج شروع کر دیا۔ راولپنڈی کے علاقے ڈھوک سیداں کے محلہ قائد آباد میں پولیس اہلکار وں نےکارروائی کی، اس دوران ایک نوجوان کا مبینہ طور پر پیچھا کیا گیا تو وہ خوفزدہ ہو کر بھاگا اور چھت سے گرگیا اورریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج شروع کر دیا اور دو موٹر سائیکلز جلانے کے علاوہ ایک ایمبولینس کو بھی نقصان پہنچایا، نوجوان کی ہلاکت کے بعد پولیس موقع سے غائب ہوگئی، تاہم ڈھوک سیداں چوک پر مظاہرین اور پولیس میں تصادم ہوا، پولیس نے لاٹھی چارج اور مظاہرین نے پتھراؤ کیا، مشتعل مظاہرین نے تھانہ ریس کورس کے باہر بھی احتجاج کیا۔