خبرنامہ پنجاب

پولیس افسران کی شفاف انداز میں محکمہ میں شمولیت ہوئی: شہباز

اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پولیس افسران کی شفاف انداز میں محکمہ میں شمولیت ہوئی اور توقع کرتے ہیں کہ نئے پولیس افسران انصاف کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے‘ آپ کی زندگی کا اولین مقصد انصاف کا بول بالا ہونا چاہئے‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں‘ ہمارے قائد نے پاکستان سے متعلق جو خواب دیکھا تھا وہ ابھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوا ۔منگل کو سہالہ پولیس اکیڈمی میں سب انسپکٹرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مہمان خصوصی تھے‘ وزیراعلیٰ نے پاسنگ آؤٹ پریڈ کا معائنہ کیا اور پاس آؤٹ ہونے والے افسران کے دستے نے وزیراعلیٰ کو سلامی دی۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 269 پولیس افسران پاس آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اس اہم دن کے موقع پر شاندار تقریب میں شرکت پر خوشی ہوئی ہے اور پولیس افسران کی شفاف انداز میں محکمے میں شمولیت ہوئی۔ توقع ہے کہ نئے پولیس افسران انصاف کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے اور پولیس افسران غیر جانبداری سے اپنے فرائض انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب‘ سیاست اور ذات پات سے بالاتر ہو کر خدمات انجام دیں گے۔ آپ کی زندگی کا اولین مقصد انصاف کا بول بالا کرنا ہونا چاہئے۔ محکمہ پولیس کو مزید موثر اور فعال بنانے کے لئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں۔ پنجاب پولیس کی جوانمردی اور بہادری کی مثالیں ناقابل فراموش ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کی قربانیاں بھی ناقابل فراموش ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلا مرحلہ آئندہ ماہ فعال ہوگا ۔قیام پاکستان کا مقصد ہر شخص کو عزت اور آزادی سے نوازنا ہے۔ ہمارے قائد نے پاکستان سے متعلق جو خواب دیکھا تھا وہ ابھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوا۔ (ن غ)