خبرنامہ پنجاب

پولیس اہلکارتنزلی کیس، حکومت کا نظرثانی اپیل دائرکرنیکا فیصلہ

لاہور (آئی این پی) پنجاب پولیس میں تنزلی کا شکار ہونے والے ملازمین اور افسران کے لئے خوشخبری ہے کہ حکومت نے عدالت عظمیٰ میں زیر سماعت کیس میں پارٹی بننے اور نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزارت قانون پنجاب کے ذرائع کے مطابق اصولی فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت اس مقدمہ میں پارٹی بنے گی اور آئندہ ہفتے سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی اپیل دائر کی جائیگی اور اپیل کے مندرجات کی تیاری کا کام شروع کر دیا گیا ہے جس کی براہ راست نگرانی پولیس کے سینئر افسران اور ایک ریٹائرڈ آجی پنجاب کر رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق نظر ثانی کی اپیل میں عدالت کو تنزلی کا شکار پولیس ملازمین کے لئے عارضی ریلیف کی استدعا کی جائیگی اور ان افسران اور اہلکاروں کی دوبارہ اپنے عہدوں پر بحالی کے لئے بھی ایک قانونی طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے جو سپریم کورٹ میں پیش کیا جائیگا ۔ وزارت قانون کے حکام نے مزید بتایا ہے کہ پنجاب پولیس اس اہم مقدمہ میں اپنی عملدرآمد رپورٹ گذشتہ ہفتے عدالت عظمیٰ میں جمع کروا چکی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد صوبے بھر سے 10 ہزار 2 سو سے زائد افسران اور اہلکار تنزلی کی زد میں آئے ہیں ۔