خبرنامہ پنجاب

پولیس کا غیر قانونی بارود کی فیکٹری پر چھاپہ، فیکٹری سیل

چکوال(ملت + آئی این پی )منگل کے روز رکھ مکھیالہ تحصیل چوآسیدنشاہ کے جنگل میں غیر قانونی بارود کی فیکٹری سیل کر کے پانچ من تیار بارود قبضہ میں لے لیا گیا۔ حساس ادارے نے سول ڈیفنس اور مقامی پولیس کے ہمراہ چھاپہ مارکر فیکٹری منیجر اور ایک اہلکار کو گرفتار کر کے چوآسیدنشاہ پولیس کے حوالے کردیا۔مذکورہ فیکٹری گزشتہ کئی سالوں سے ویران جنگل میں غیر قانونی طور پر بارود تیار کررہی تھی۔2000بارود تیار والے خام مال کی بوریاں برآمد۔ مخبر کی اطلاع پر حساس ادارے نے سول ڈیفنس، سپیشل برانچ پولیس اور اسسٹنٹ کمشنر لاوہ نذیر احمد کے ہمراہ چھاپہ مارا تو وہاں پر عبدالحمید منیجر اور ایک دوسرے اہلکار امیر عباس کو حراست میں لے لیا گیا۔ پانچ من بارود تیار حالت میں موجود تھا جبکہ ہزاروں بوریاں بارود تیار کرنے والے خام مال کی بھی فیکٹری میں موجود تھیں۔ فیکٹری شیخ عرفان مسعود ساکن لاہور کی ملکیت بتائی جاتی ہے اور فیکٹری کو کافی عرصہ سے بغیر لائسنس اور اجازت نامے کے چلایا جا رہا تھا۔ ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس چوہدری طالب حسین نے بتایا کہ ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں پر ان کیخلاف ایکسپلوسوز ایک کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ فیکٹری مالک کی گرفتاری کیلئے بھی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔