خبرنامہ پنجاب

پولیس کےمعطل افسرحکومت کی جانب دیکھنےلگے

لاہور:(آئی این پی) پنجاب پولیس کے آؤٹ آف ٹرن پروموشنز کے معاملے میں عہدوں سے ہٹائے جانے والے افسران مدد کے لیے حکومت کی جانب دیکھنے لگے ، او ایس ڈی بنائے جانے والے افسران کا اجلاس افطار سے قبل آج بادشاہی مسجد میں ہو گا ۔ پنجاب پولیس کے او ایس ڈی بنائے جانے والے افسران نے حکومت پنجاب سے امید باندھ لی ، کہتے ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اعلیٰ کارکردگی پر خود ترقیاں دیں ، متعدد افسران کو خود ترقی کے پھول لگائے ، اب اس معاملے میں معاونت فراہم کریں ۔ دوسری جانب او ایس ڈی افسران کا اجلاس افطار سے قبل آج ہو گا ۔ بادشاہی مسجد میں اس اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق ساڑھے آٹھ سو سے زائد افسران نے اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کرا دی ہے جس کے بعد افطار کا وسیع انتظام بھی بادشاہی مسجد میں ہی ہو گا ۔