خبرنامہ پنجاب

پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے شہری تعاون کریں، ڈی سی او

راولپنڈی ۔ 24 اکتوبر (ملت + اے پی پی) ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے بنیادی مرکز صحت کوٹھہ کلاں میں ایک بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ارشد علی صابر، ڈی ایچ او ہیلتھ محمد سہیل چوہدری، ڈبلیو ایچ او کی نمائندہ ڈاکٹر شمائلہ، پاکستان مسلم لیگی رہنما و سماجی کارکن چوہدری آصف محمود اور چوہدری عابد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈی سی او طلعت محمود گوندل نے کہا کہ پولیو مہم کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کی ویکسین سے نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم موثر بنانے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کا تعاون اس موذی مرض کے خاتمے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ راولپنڈی کی پولیو فری زون کی حیثیت کو مستحکم رکھنے کیلئے محکمہ صحت کا عملہ گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔ ڈی سی او نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے اور انہیں اپنے اور معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کیلئے پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کی ڈیوٹی کیلئے متعین پولیو کی ٹیمیں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کی اپنی قومی ذمہ داری کو ہر صورت نبھائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہر گز نہ کریں۔ انہوں نے اس ڈیوٹی پر مامور عملے کو تاکید کی کہ انسداد پولیو کے حوالے سے جاری مہم میں کسی قسم کی غفلت، کوتاہی یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔