خبرنامہ پنجاب

پٹرولیم مصنوعات پر پچاس فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ ،ناقص پٹرول کی درآمد کیخلاف درخواست دائر

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات پر پچاس فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ اور ناقص پٹرول کی درآمد کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی۔جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی طرف سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر پچاس فیصد سیلز ٹیکس وصول کر نے کا انتظامی حکم جاری کیا جارہا ہے حالانکہ وزیر اعظم کو وفاقی کابینہ اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پچاس فیصد ٹیکس عائد کرنے کا کوئی اختیار نہیں۔حکومت نے ماہانہ بنیادوں پر پٹرول کی قیمتوں میں ردو بدل کی بجائے مدت کم کر کے پندرہ روز کر دی ہے جس سے شہریوں کو بلاجواز اضافی ٹیکس کی ادائیگی کرنا پڑ رہی ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں ناقص پٹرول درآمد کر کے اپنے ہی شہریوں کیلئے مالی مشکلات پیدا کر رہی ہے ۔استدعا ہے کہ ناقص پٹرول کی درآمد پر پابندی اور پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کو کالعدم قرار دیا جائے۔