لاہور:(اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں ایک بار پھر نمایاں کمی خوش آئند ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا حقیقی معنوں میں فائدہ براہ راست صوبے کے عوام تک پہنچنا چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کو ہدایت کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں جبکہ متعلقہ محکمے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اسی تناسب سے کمی لانے کیلئے اقدامات کریں جس شرح سے پٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا متعلقہ ادارے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے حوالے سے مربوط انداز میں کام کریں اور پٹرولیم مصنوعات کی مقرر کردہ نئے نرخوں پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ کسی پٹرول پمپ پر پٹرولیم مصنوعات کی عدم دستیابی یا زائد نرخ پر فروخت کی شکایت نہیں ہونی چاہئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا ہر قدم عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اٹھ رہاہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا عوام کیلئے تحفہ ہے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات ہر حال میں عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ مزید براں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا وسائل قوم کی امانت ہیں اور قومی وسائل کی پائی پائی امانت سمجھ کر دیانتداری کے ساتھ عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر خرچ کی جا رہی ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت شفافیت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور فلاح عامہ کے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے اربوں روپے کے وسائل بچائے گئے ہیں اور بچائے گئے وسائل عوام کی ترقی و خوشحالی کے منصوبوں پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ شفافیت اور میرٹ کی حکمرانی پنجاب حکومت کی پہچان بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے شفافیت، اعلی معیار اور برق رفتاری کے ساتھ منصوبے مکمل کرکے ایک نئے کلچر کی بنیاد رکھی ہے اور اگر 68 برس میں منصوبوں کی تکمیل کیلئے شفافیت، اعلی معیار اور میرٹ کی پالیسی پر عمل کیا جاتا تو پاکستان کی آج یہ حالت نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں اڑھائی برس میں ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوچکا ہے اور آئندہ اڑھائی برس کے دوران ملک کے مسائل حل کر نے کیلئے دن رات ایک کر دیںگے۔ ملاقات کرنے والوں میں ارکان قومی اسمبلی محمد معین وٹو، رائو محمد اجمل اور طاہر اقبال چودھری شامل تھے۔ ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی اس موقع پرموجود تھے۔ سول سیکرٹریٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا پینے کے صاف پانی تک رسائی ہر شہر ی کا بنیادی حق ہے۔ پنجاب حکومت ہر صورت یہ حق شہریوں کو دے گی اور اس مقصد کے حصول کیلئے پنجاب حکومت ایک بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیںگے۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ سیوریج نظام میں بہتری، واسا کی استعداد کار میں اضافے اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کا تقاضا ہے اور اس ضمن میں پنجاب حکومت واٹر سیکٹر سے وابستہ چین کی معروف کمپنی کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنے کی خواہاں ہے تاکہ شہریوں کو بہترین سہولتیں میسر آسکیں۔ واٹر سیکٹر سے وابستہ چین کی معروف کمپنی کے اعلیٰ حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ چینی کمپنی نے پنجاب میں محکمہ آبپاشی کے جاری مختلف پروگرامز پر تیز رفتاری سے کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے کہا پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ سیوریج نظام میں بہتری، واسا کی استعداد کار میں اضافے اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کیلئے انفرادیت اور جدت کو اپناتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔ شہری دفاع کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا شہری دفاع ایسی سرگرمیاں ہیں جن کا مقصد شہریوں کو قدرتی آفات کی صورت میں اپنی مدد آپ کرنے کے قابل بنانا ہے۔ عالمی دن برائے شہری دفاع کو منانے کا مقصد عوام کی توجہ شہری دفاع کی جانب مبذول کرانا اور ناگہانی آفات کی صورت میں پہلے سے اقدامات کرنا ہے۔