گوجرانوالہ (آئی این پی )گوجرانوالہ میں سی ٹی ڈی پولیس نے بھارت کی پٹھان کوٹ ائربیس پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا ،مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کیا گیا ، قتل ،مقدمے میں اقدام قتل اوردہشت گردی کی دفعات شامل تھیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق پٹھان کوٹ حملے کامقدمہ ڈپٹی سیکرٹری وزارت داخلہ کی درخواست پر درج کیاگیا،مقدمے میں302،324،109،721اور دہشتگردی کی دفعات شامل تھیں ۔پٹھان کوٹ ایئر بیس پر 2 جنوری کو حملہ کیا گیا تھا،جس میں بھارت کے سات فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ چار دن تک جاری رہنے والے آپریشن میں چھ شدت پسند بھی مارے گئے تھے۔پٹھان کوٹ پاکستان کی سرحد سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر جب کہ مقبوضہ کشمیر کو جانے والی شاہراہ پر دہلی سے 430 کلو میٹر شمال میں واقع ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے پٹھان کوٹ میں بھارتی فضائیہ کے اڈے پر حملے میں پاکستانی عناصر کے ملوث ہونے کے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک چھ رکنی ٹیم قائم کی تھی ۔