خبرنامہ پنجاب

پی آئی اے کے ملازمین نے نیا کاروبار شروع کردیا

لاہور(آئی این پی)پی آئی اے کے ملازمین نے نیا کاروبار شروع کر دیا ‘ملازمین کی جانب سے ادویات میں کرپشن کا انکشاف ‘ملازمین بیماری کے نام پر ہزاروں کی ادویات حاصل کر کے فروخت کرنے لگے ہیں ۔ذرائع کے مطابق مطابق پی آئی اے کی جانب سے اپنے ملازمین کو میڈیکل کوٹے کے تحت ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں تاہم بعض ملازمین پیسے حاصل کرنے کیلئے بیماری کا جھوٹ بول کر ادویات حاصل کرتے ہیں اور بعد میں انہیں سستے داموں میڈیکل سٹور ز پر فروخت کر دیتے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں پی آئی اے کے پینل پر پانچ میڈیکل سٹور ہیں جہاں سے ملازمین کو مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں تاہم بعض ملازمین بیماری کے نام پرادارے کے ڈاکٹروں سے ادویات لکھوا کر ان میڈیکل سٹورز سے حاصل تو کر لیتے ہیں مگر انہیں استعمال نہیں کر تے بلکہ دیگر میڈیکل سٹور ز پر اصل قیمت سے تیس فیصد کم پر فروخت کردیتے ہیں ۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس کام میں پی آئی اے ملازمین کے ساتھ ساتھ پی آئی اے کے ڈاکٹر بھی شامل ہیں جو انہیں جان بوجھ کر مہنگی ادویات لکھ کر دیتے ہیں اور انہیں فروخت کرنے کے بعد ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر ان ڈاکٹرو ں کو بھی ادھا حصہ دیا جاتا ہے ۔