خبرنامہ پنجاب

پی ٹی آئی کے فیصل آباد جلسہ سے بھاگنے کی اصل وجہ لاہور شومیں پنجاب کی عدم دلچسپی ہے:سعدرفیق

اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے فیصل آباد جلسہ سے بھاگنے کی اصل وجہ لاہور شو میں اہل پنجاب کی عدم دلچسپی ہے، اب کے پی کے میں سرکاری خرچے پر عمران کے جلسے منعقد کئے جائیں گے، لگتا ہے عمران کی اے ٹی ایم مشینوں نے احتساب کے ڈر سے ہاتھ کھینچ لیا ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پی ٹی آئی جواب دے ! وہ ہر بار اپنی خواتین کارکنان کے حفاظت میں ناکام کیوں رہتی ہے؟ اُنھوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے لیڈر زبان دراز ہیں اور ساتھی دست دراز، عمران اپنا طوفان بدتمیزی مسلم لیگ (ن) پر تھوپنے کی بجائے خواتین کی بے حُرمتی کے ذمہ داران کو لگام دیں۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ بہتان جھوٹ اور الزامات پی ٹی آئی کا ٹریڈ مارک بن چکا ہے۔