خبرنامہ پنجاب

پی ٹی آئی نے رائیونڈ مارچ کیلئے بلا فورس بنا ڈالی

لاہور: (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف نے رائیونڈ مارچ کے لئے مسلم لیگ ن کی ڈنڈا فورس کے مقابلے میں اپنی بلا فورس بنا ڈالی ہے ۔ کپتان کے کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ اگر رائیونڈ مارچ میں خلل ڈالنے کی کوشش کی گئی تو اپنے بلوں سے مسلم لیگ ن کے چھکے چھڑا دیں گے ۔ سیالکوٹ میں تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عثمان ڈار کی قیادت میں نوجوانوں پر مشتمل ٹیم ہاتھوں میں بلے پکڑے رائیونڈ مارچ کے شرکاءکی حفاظت کریں گے ۔ عثمان ڈار نے میڈیا کو بتایا کہ تحریک انصاف کا رائیونڈ مارچ پر امن ہو گا ، لیکن اگر مسلم لیگ ن کے درباریوں نے اس مارچ میں خلل ڈالنے کی کوشش کی تو ہم اپنے بلوں سے ان کے چھکے چھڑا دیں گے اور عمران خان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے بلا فورس اپنی تمام تر صلاحیتوں کا اظہار کریں گے ۔