خبرنامہ پنجاب

پی پی 30 سرگودھا کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کا حمایت یافتہ امیدوار کامیاب

پی پی 30 سرگودھا

پی پی 30 سرگودھا کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کا حمایت یافتہ امیدوار کامیاب

سرگودھا:(ملت آن لائن) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 30 سرگودھا میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار یاسر ظفر سندھو کامیاب ہو گئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 30 کے تمام 137 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار یاسر ظفر سندھو 42736 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار ساجد محمود 23586 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
اپنی کامیابی نواز شریف کے نام کرتا ہوں، یاسر ظفر سندھو
مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار یاسرظفرسندھو کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ (ن )لیگ کامینڈیٹ تھا، اللہ کے کرم سے جیتے ہیں ، لوگوں نے پیار سے نوازا اور ہر کارکن نے اپنا الیکشن سمجھ کر لڑا۔ یاسر ظفر سندھو نے اپنی کامیابی نواز شریف کے نام کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں بھی کامیابی برقرار رکھیں گے۔
عوام نے دھونس، دھاندلی اور جھوٹ کی سیاست کو مسترد کر دیا، شہباز شریف
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے سرگودھا کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر یاسر ظفر سندھو کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی پی30میں فتح مسلم لیگ (ن )کی عوامی مقبولیت کاواضح ثبوت ہے۔ شہبازشریف عوام نے دھونس، دھاندلی اور جھوٹ کی سیاست کو مسترد کر دیا کیونکہ عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کےبعدعام انتخابات بھی اکثریت سےجیتیں گے اور دوبارہ برسراقدار آکر مزید میگاپراجیکٹ لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن )لیگ کی متوازن پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان خوشحالی کی راہ پرگامزن ہوچکا ہے اور عوام کےفلاح وبہبود کے ایجنڈےکو کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ وزیراعلی ٰپنجاب شہباز شریف نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی ریکارڈمدت میں تکمیل سےپوری دنیاحیران ہے اور پنجاب حکومت کی عوامی خدمات کااعتراف ہرسطح پر کیاجاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کومختلف شعبہ ہائےزندگی میں دوسرےصوبوں پربرتری حاصل ہے جبکہ ہماری حکومت کی شفافیت اورمعیار کوملکی اورغیرملکی ادارے بھی تسلیم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن )کی سیاست عوام کی ترقی اورخوشحالی کی سیاست ہے جو عوام کے دلوں میں گھر کرچکی ہے۔
’شیر کا نشان چھین کربھی (ن )لیگ ن کی فتح کونہ روکاجاسکا‘
پی پی30ضمنی انتخاب میں کامیابی پر پی پی 30 سرگودھا میں (ن) لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار کی کامیابی پر مریم نواز نے کہا کہ شیرو مبارک ہو، جماعت اور شیر کا نشان چھین کربھی (ن )لیگ ن کی فتح کونہ روکاجاسکا۔
پولنگ کا عمل
صوبائی اسمبلی کی نشست پر پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہا جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کیے گئے تھے۔ حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار چوہدری یاسر ظفر سندھو اور تحریک انصاف کے راؤ ساجد محمود کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہے۔ پی پی 30 سرگودھا میں ووٹرز کی کل تعداد ایک لاکھ 73 ہزار 912 ہے جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 98 ہزار 136 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 75 ہزار 776 ہے۔ 137 پولنگ اسٹیشن پر 386 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے جبکہ امن وامان کے لئے فوج کو اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا تھا تاہم کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار یاسر ظفر سندھو نے پولنگ اسٹيشن 99 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی
الیکشن کے دوران ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں بھی دیکھنے میں آئیں۔ پولنگ اسٹیشن 132 میں سادہ کپڑوں میں ملبوس شخص جدید اسلحہ سمیت داخل ہوا جسے کسی نے بھی نہ روکا جبکہ ڈی پی او سہیل چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلحہ بردار شخص سرکاری اہلکارتھا تاہم سادہ کپڑوں میں اسلحہ لانے کی انکوائری کی جائے گی۔ گورنمنٹ اسلامیہ ماڈل اسکول کوٹ مومن کے پولنگ اسٹیشن نمبر 124 ،125 اور 132 میں بیلٹ باکس کے قریب موجود عملہ پابندی کے باوجود آزادانہ موبائل فون کا استعمال کرتا رہا۔ بعض پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کے لئے ٹرانسپورٹ کا بھی خصوصی بندوبست کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ پی پی 30 سرگودھا کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رہنما طاہر سندھو کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔