خبرنامہ پنجاب

چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی سے برطانوی رکن پارلیمنٹ خالد محمود کی ملاقات

لاہور(آئی این پی) مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی سے برطانوی رکن پارلیمنٹ خالد محمود نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔ خالد محمود نے چودھری شجاعت حسین کی وزارتِ عظمیٰ اور چودھری پرویزالٰہی کی وزارتِ اعلیٰ کے دوران بیرون ملک پاکستانی تارکین وطن کی فلاح و بہبود کیلئے کیے گئے اقدامات اور انہیں مختلف سہولتوں کی فراہمی پر تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تارکین وطن اب بھی ان کے دور کو یاد کرتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی نے کہا کہ تارکین وطن کا پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ہے، بیرون ملک اور پاکستان میں ان کے مفادات کا تحفظ حکومت کا اولین فرض ہونا چاہئے۔