خبرنامہ پنجاب

چوہدری سرورکی کسانوں کیساتھ مکمل حمایت

لاہور(آئی این پی) سابق گور نر پنجاب و تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چوہدری محمدسرور نے کسانوں کے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں کیساتھ حکومتی رویہ ظالمانہ اقدام ہے ‘کسانوں کا بجلی کا فی یونٹ 5روپے اور کھادوں پر سبسڈی مطالبہ بالکل درست ہے ‘بھارتی آبی جارحیت پر بھی (ن) لیگی حکومت کی خاموشی خطر ناک ہے‘سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لیا جائے ‘مہنگائی میں اضافہ حکمرانوں کا شوق اور عوام کیلئے عذاب بن چکا ہے ‘حکمران قوم کو کس جرم کی سزا دے رہے ہیں ؟‘۔ جمعرات کے روز سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پنجاب اسمبلی کے سامنے کسان اتحاد کے احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک پاکستان میں کسانوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے ملک کسی بھی صورت آگے نہیں بڑھ سکتا مگر بد قسمتی سے حکمران بھارت سے سبزیاں منگوانے کو تر جیح دیتے ہیں اور اپنے کسانوں کا معاشی قتل کر نے میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بھی پاکستانی دریاؤں کے پانی روک کر پاکستان کو بنجر کر نے کی سازشیں کر نے میں مصروف ہیں اور بجائے اسکے حکمران اسکا نوٹس لیں وہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کو چاہئے کہ وہ کسانوں کے ساتھ دشمنی پر مبنی رویہ ختم کر یں اور کسانوں کے بجلی کی قیمتوں میں کمی اور کھادوں پر سبسڈی سمیت دیگر مطالبات کو فوری تسلیم کر یں ورنہ پوری قوم کسانوں کیساتھ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران سیاسی مشہوری کے منصوبے پر اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں مگر عوام پر مہنگائی کے بم بر سا رہے ہیں ۔