لاہور(ملت آن لائن)لاہور میں جعلی بوتلیں بنانے والی فیکٹری پر چھاپے کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر فائرنگ کر دی گئی تاہم عملہ محفوظ رہا۔ فیکٹری مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل کے مطابق کامران پارک بارہ دری روڈ کے علاقے میں قائم جعلی بوتلیں بنانے والی فیکٹری پر رات گئے چھاپا مارا گیا۔فیکٹری مالکان نے پہلے دھمکیاں دیں پھر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق فیکٹری میں معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار ہو رہی تھیں۔موقع پر موجود 4 لاکھ بوتلوں کا اسٹاک ضبط کرلیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ فیکٹری سے اب تک 33 لاکھ 7 ہزار جعلی بوتلیں فروخت کی جا چکی ہیں۔فیکٹری کا سامان ضبط کر لیا گیا جبکہ تمام ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔