خبرنامہ پنجاب

چھوٹوگینگ کےہتھیارنہ ڈالنےوالے کارندوں کیخلاف آپریشن جاری

راجن پور:(آئی این پی)راجن پور کے کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے ہتھیار نہ ڈالنے والے کارندوں کیخلاف آپریشن جاری ہے ۔پو لیس کا کہنا ہے کہ بیس کے قریب ڈاکو تاحال کچا جمال میں موجود ہیں،غلام رسول عرف چھوٹو اور اس کے ساتھیوں سے تحقیقا ت کے لئے پانچ رکنی جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ راجن پور میں جرائم پیشہ عناصر کیخلاف آپریشن میں چھوٹو گینگ کے لیڈر غلام رسول عرف چھوٹو نے ساتھیوں سمیت فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے تھے، جبکہ بنگیانی،ٹکھانی،عمرانی اور پت نامی گینگ کے ارکان نے ہتھیار ڈالنے سے انکار کردیا تھا ،جن کیخلاف سیکورٹی فورسز نے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق کچا جمال میں بیس سے زائد جرائم پیشہ افراد تاحال موجود ہیں جن کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی نگرانی میں آپریشن کیا جا رہا ہے۔دوسری طرف محکمہ داخلہ پنجاب نے غلام رسول عرف چھوٹو اور اس کے گینگ ممبران سے تحقیقات کے لئے پانچ رکنی جوائنٹ انٹیروگیشن ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ جے آئی ٹی تھانہ بنگلہ اچھا کے مقدمہ نمبر سینتالیس دو ہزارسولہ کی تحقیقات کرے گی جس کے مطابق غلام رسول عرف چھوٹو اور اس کے ساتھیوں پر قتل،پولیس مقابلے اور دہشت گردی سمیت دیگر سنگین نوعیت کے الزمات ہیں۔