خبرنامہ پنجاب

چھوٹو گینگ کیخلاف آپریشن میں پولیس کی خامیوں کا جائزہ لینے کیلیے جے آئی ٹی تشکیل

لاہور:(آئی این پی) پنجاب حكومت نے چھوٹو گینگ كے خلاف آپریشن میں پولیس كی كاركردگی اور خامیوں كا جائزہ لینے كے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی۔ محكمہ داخلہ پنجاب كی جانب سے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم كا نوٹی فیكشن جاری كر دیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق ڈی پی او راجن پور كی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں اسپیشل برانچ، سی آئی ڈی، آئی ایس آئی، آئی بی اور ایف آئی اے حکام شامل ہیں جب کہ جنوبی پنجاب كے ملتان میں كاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ كے ہیڈ بھی ٹیم ممبران میں شامل ہوں گے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پولیس كی پیشہ وارانہ صلاحیتوں كے علاوہ آپریشن میں شہید ہونے والے پولیس ملازمین كی شہادت کی وجوہات كے حوالے سے بھی اپنی رپورٹ تیار کرے گی۔ راجن پور میں چھوٹو گینگ کے خلاف پولیس آپریشن کئی روز تک جاری رہا تھا جس میں 6 پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے جب کہ چھوٹو گینگ نے پولیس کے 24 اہلکاروں کو یرغمال بنالیا تھا جنہیں بعد ازاں پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بعد رہا کیا گیا۔