ملتان:(آئی این پی) راجن پور میں چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو نے کہا ہے کہ وہ ہتھیار ڈالے گا تو صرف اور صرف پاک فوج کے سامنے اور چوہدری نثار کو یہ یقین دہانی کرانا ہوگی کہ اسے سزا بھی پاک فوج ہی دے گی۔چھوٹو گینگ کے سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو نے کہا ہے کہ وہ پیدائشی ڈاکو نہیں، اس نے پولیس کے ظلم کی وجہ سے ہتھیار اٹھایا، پولیس نے اسے دہشت گرد ، ملک دشمن اور نجانے کیا کچھ بنا دیا،اس نے یہ جنگ صرف اپنی برادری کواس کا حق دلانے کے لئے شروع کی تھی۔ وہ ملک دشمن نہیں کہ اس کے خلاف فوج کارروائی کرے، جب تک آپریشن میں پولیس شامل ہے۔ اگر پولیس آپریشن میں شامل رہی تو وہ مقابلہ کرتے ہوئے مرجانے کو ترجیح دے گا لیکن کسی صورت ہتھیار نہیں ڈالے گا۔غلام رسول عرف چھوٹو کا کہنا تھا کہ اگر حکومت چاہتی ہے کہ وہ اور اس کے ساتھی ہتھیار ڈال دیں تو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو اسے خود فون کرکے یہ یقین دہانی کرانا ہوگی کہ پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈالنے پر اس کے گناہوں کی سزا بھی عسکری حکام ہی دیں گے۔