فیصل آباد ۔ (ملت آن لائن) چین نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں ٹیوٹا کے زیر اہتمام شروع کی گئی چائنیز لینگوئج کلاسز کیلئے اساتذہ، کتابیں، متعلقہ میٹریل اور فنی معاونت فراہم کرنے کاا علان کیا ہے اور کہاہے کہ چائنیز لینگوئج ایجوکیشن کو کامیابی سے جاری رکھنے کیلئے ٹیوٹا کے ساتھ مستحکم تعلقات کو فروغ دیاجائیگا۔ٹیوٹا کے ذرائع نے بتایاکہ ٹیوٹا کی جانب سے جد ید کورسز کا آغاز خوش آئندہے جبکہ دونوں ممالک کے لوگوں کوملانے اور اپنے تعلقات میں مزید بہتری کیلئے چینی زبان پر عبور دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطے کے فروغ کیلئے بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان کئے گئے معاہدوں سے مضبوط دوستی کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلیں ہیں اور دونوں ممالک کے مابین چینی کورسز کے آغازسے بات چیت میں حائل رکاوٹیں ختم ہونگی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں چین کی جانب سے کئے گئے صنعتی معاہدوں سے نہ صرف چین معاشی طور پر مزید مستحکم ہو گا بلکہ پاکستان کوبھی خطے میں اپنا مقام بنانے کے ساتھ ساتھ یہاں پر بیروزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی اورپاک چائنہ صنعتی تعاون پاکستانی عوام کیلئے خوشحالی کے نئے دروازے کھولے گا۔انہوں نے صوبہ بھر میں ٹیکنکل ایجوکیشن کی ترقی اور نوجوانوں کو فنی تربیت کے مواقع میں اضافہ کیلئے میں ٹیوٹا کی کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ٹیوٹا فنی تعلیم فراہم کرنے والاسب سے بڑا ادارہ ہے نیز جدید کورسز کا آغاز اور ہنر مند افرادی قوت کو روزگار کی فراہمی ٹیوٹا کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ مقامی و بین الاقوامی انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو جدید کورسز میں تربیت دے کر روزگار کی فراہمی وزیر اعلی پنجاب کا ویژن ہے۔انہوں نے بتایاکہ ٹیوٹا نے متعلقہ انڈسٹریوں کی سفارشات کے مطابق نئے شارٹ کورسز شروع کئے ہیں جبکہ ٹیوٹا مختلف صنعتی تنظیموں کے ساتھ معاہدے کر رہی ہے تاکہ انکی سفارشات پر مبنی نئے کورسز شروع کرکے انہیں مطلوبہ ماہر افرادی قوت فراہم کی جاسکے۔