خبرنامہ پنجاب

ڈائریکٹر واپڈا قتل: قاتل کو 35 سال کی سزا کا حکم

لاہور۔25 اکتوبر(ملت + اے پی پی )لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصو صی عدالت نے واپڈ ا کے ڈائریکٹر کے قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم کو مجموعی طور پر35سال قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت لاہورکے جج عاقب نذیر نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل رؤف وٹو نے عدالت کو بتایا کہ مجرم اقبال انصاری نے 2000ء میں تبادلہ کرنے پر ڈائریکٹر واپڈا جلیل ابرار کو قتل کردیا تھا، انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 2006ء میں جرم ثابت ہونے پر مجرم کو موت کی سزا سنائی تھی، مجرم کا ذہنی توازن خراب ہونے کی وجہ سے عدالت عظمی سے رجوع کیا گیا۔ عدالت عظمی سے استدعا کی گئی تھی کہ قانون کے مطابق خراب ذہنی توازن کی بنا پر مجرم کو موت کی سزا نہیں دی جاسکتی جس پر سپریم کورٹ نے 2016ء میں یہ کیس واپس انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت کو بھجوادیا۔ مجرم کے ذہنی معائنے کیلئے پنجاب میڈیکل بورڈ کی جانب سے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا جس نے اپنی رپورٹ اے ٹی سی میں جمع کروائی، ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل ر ؤف وٹو کی جانب سے مجرم کو قانون کے مطابق سزا دینے کی استدعا کی گئی، دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے مجرم کو مجموعی طور پر35سال قید کی سزا سنائی، لاہور سول لائن پولیس نے 2004ء میں مجرم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔