خبرنامہ پنجاب

ڈاکٹر زاہد جاوید تعنیاتی کیس، لاہور ہائیکورٹ نے جواب طلب کر لیا

لاہور (ملت + اے پی پی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر زاہد جاوید کی تعنیاتی کیخلاف دائر درخواست پر پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار سے تین ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے درخواست گزار شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر زاہد جاوید کو غیرقانونی طور پر ایسوسی ایٹ پروفیسر بنایا گیا ،درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ ڈاکٹر زاہد جاوید کی پنجاب یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسرشپ کو غلط قرار دے چکی ہے تاہم اس کے باوجود ڈاکٹر زاہد سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ میں تعینات ہیں ۔ عدالت نے پیر کو پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور رجسٹرار سے تین ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔