ڈیرہ غازی خان (ملت + آئی این پی) ڈ یرہ غازی خان میں رینجرزاورسیکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن میں پانچ دہشت گرد ہلاک جبکہ سات کو گرفتار کرلیاگیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور باردوی مواد برآمد کیا گیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز اور سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے زندہ پیر میں مشترکہ کارروائی کی۔ اس دوران پانچ دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ سات کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار افراد سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا جو انہوں نے مختلف مقامات پر چھپا رکھا تھا ۔سیکیورٹی فورسز کے مطابق زندہ پیر میں ہونے والے سرچ آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کئے گئے۔نجی ٹی وی کے مطابق اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب رینجرز میجر جنرل اظہر نوید حیات نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا اور قبائلی علاقوں میں ہونے والے آپریشنز اور رینجرز کی جانب سے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے کاروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور ملک کے کونے کونے سے دہشت گردوں کا مکمل طور پر قلع قمع کریں گے۔